گلگت: گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ امجد حسین اور گورنر سید مہدی شاہ نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران خصوصی پریڈ بھی پیش کی گئی، جس کا دونوں رہنماؤں نے معائنہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ امجد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا عظیم اور ناقابلِ فراموش دن ہے۔ ہمارے اسلاف نے ڈوگرہ راج کے خلاف بہادری اور عزم کے ساتھ جدوجہد کرکے آزادی حاصل کی۔ گلگت بلتستان کا پاکستان سے الحاق عوام کی وطن سے محبت کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
گورنر سید مہدی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کا یومِ آزادی ہر شہری کے لیے تاریخی اور خوشی کا موقع ہے۔ آزادی ہمارے اسلاف کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد، رواداری اور باہمی احترام گلگت بلتستان کی بنیادی شناخت ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
یومِ آزادی کی تقریب میں خصوصی پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف دستوں نے شرکت کی۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس موقع پر آزادی کی تاریخی جدوجہد اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔




