اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مالیاتی امور میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے جی 24 گروپ کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو گروپ کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان نے اپنی نئی ذمہ داری کے تحت ترقی پذیر ممالک کے معاشی مفادات کے تحفظ، عالمی مالیاتی نظام میں ان کی آواز مؤثر بنانے اور عالمی مالیاتی اداروں میں مناسب نمائندگی بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو جی 24 کی چیئرمین شپ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے مؤثر کردار کا اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہ ذمہ داری پاکستان کو ترقی پذیر ممالک کے مسائل اور ترجیحات عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
پاکستان کی جانب سے جی 24 کی سربراہی ایسے وقت میں سنبھالی گئی ہے جب عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی اور معاشی مفادات کے تحفظ کا معاملہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔




