لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن کے تحت پنجاب میں پہلا جدید ’’ووڈ ورکنگ سینٹر آف ایکسی لینس‘‘ قائم کیا جائے گا، جبکہ تین سال کے دوران 10 لاکھ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ہنر سکھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اسکل ڈویلپمنٹ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، آن لائن رجسٹریشن پورٹل، ڈیجیٹل امتحانی پرچوں اور کیو آر کوڈ کے استعمال سے متعلق اقدامات بھی زیرِ غور آئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ایگزامینیشن سسٹم کے ذریعے امتحانات دینے والے امیدواروں کی گنجائش دو لاکھ سے بڑھا کر چھ لاکھ تک کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ امتحانی نظام میں سہولت، شفافیت اور استعداد کار بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔




