ایس ایس جی کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ، بدلتے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت کی اہمیت پر زور
تربیلا:چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) تربیلا کا دورہ کیا۔ آمد پر جنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ استعداد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔بعد ازاں فیلڈ مارشل نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی ماحول میں درپیش بدلتے خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور آپریشنل تیاریوں کو ہر وقت برقرار رکھنے پر غیر متزلزل توجہ ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے حالات کے تقاضوں کے مطابق تربیت اور استعداد میں مسلسل بہتری دفاعی تیاریوں کا اہم تقاضا ہے




