اسلام آباد: پاکستانی خلا باز ذیشان علی چین کے شین ژو-24 خلائی مشن کے ذریعے خلا کے سفر پر روانہ ہو گئے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
چین کا تین رکنی خلائی مشن آج صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا۔ مشن کا بنیادی ہدف تیانگونگ خلائی اسٹیشن ہے، جہاں پہنچنے کے بعد ذیشان علی پہلے غیر ملکی شہری ہوں گے جو اس خلائی اسٹیشن پر قدم رکھیں گے۔
مشن کی کمان چینی خلا باز تانگ ہونگ بو کر رہے ہیں، جبکہ وو یی مشن پائلٹ اور ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ پاکستانی خلا باز کا خلا میں قیام تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہے گا، اس دوران وہ مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
مشن کی روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی جیوکوان لانچ سینٹر میں موجود تھے۔ انہوں نے پاکستانی وفد کے ہمراہ خصوصی تقریب میں شرکت کی، جس میں ہزاروں افراد نے بھی شرکت کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ذیشان علی خلا میں پاکستان کا قومی پرچم لے کر جا رہے ہیں اور ان کے ساتھ 26 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں، دعائیں اور سائنسی و تکنیکی ترقی کے خواب وابستہ ہیں۔
ذیشان علی کی خلا میں روانگی کو پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے.




