اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور عوامی فلاحی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہادر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے وفاقی تعاون جاری رہے گا، جبکہ پائیدار امن اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاق کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔




