ماسکو: پاکستان اور روس نے آئندہ چار برسوں میں باہمی تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے اقتصادی تعاون تیز کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک نے 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے مشترکہ پروگرام پر دستخط کر دیے ہیں۔
ماسکو میں پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے اختتام پر اہم معاہدوں اور اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر غور کیا گیا۔ فریقین نے توانائی، زراعت، صنعت، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ اور تجارت سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا، جہاں دونوں ممالک اقتصادی تعاون کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور مستقبل کے لیے مزید اقدامات طے کریں گے۔



