اسلام آباد: سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر ڈی جی ایسٹ ایشیا پیسفک نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے جامع بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط مزید مستحکم بنانے اور شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کا دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔




