اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک جرات مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی تو تصدیق کر دی ہے، تاہم روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان برابری اور وقار کی بنیاد پر کھیل کا حامی ہے، یکطرفہ رویوں پر اب سمجھوتا نہیں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان نے یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا دورہ نہ کرنے اور مسلسل ہٹ دھرمی کے جواب میں کیا ہے۔ پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ آئی سی سی کے کسی بھی ایونٹ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، اسی لیے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا، لیکن بھارت کے ساتھ میدان شیئر نہ کرنا ایک اصولی احتجاج ہے۔
کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان کا یہ اعلان آئی سی سی کے لیے ایک "ڈرائونا خواب” ثابت ہو سکتا ہے۔ ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ٹکٹس اور اشتہارات پاک،بھارت میچ سے جڑے ہوتے ہیں۔ پاکستان کے اس انکار سے ایونٹ کی مالیاتی ساکھ اور شیڈول بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کے اس اقدام کو ملکی سطح پر ایک "بہادرانہ فیصلہ” قرار دیا جا رہا ہے۔




