راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں نہ صرف سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیابیوں کا اعتراف کیا گیا، بلکہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد گروہوں کے خلاف مستقل اور مربوط کارروائیوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
فورم نے زور دیا کہ "فتنہ الخوارج” اور "فتنہ الہندوستان” جیسے گروہ بھارت کے تخریبی عزائم کی علامت ہیں، جنہیں ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
شرکا نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون ملک کی حفاظت کے لیے سنگ میل ہے۔
فورم کو وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف کے سفارتی دوروں پر بھی بریفنگ دی گئی، جن میں امریکہ، ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور یو اے ای شامل ہیں۔
خصوصاً امریکی دورے میں پاکستان کا بامقصد مؤقف براہ راست اعلیٰ قیادت کے سامنے رکھا گیا۔
فورم نے عالمی سطح پر طاقت کے استعمال کے بڑھتے رجحان کو خطرناک قرار دیا اور بھارت کی جانب سے فوجی کشیدگی میں تیسرے فریق کو شامل کرنے کی کوششوں کی مذمت کی۔
آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی دفاع کے لیے تینوں مسلح افواج کی ہم آہنگی انتہائی اہم ہے۔




