لاہور میں صبح سویرے بادل برسے اور لگ بھگ آٹھ گھنٹے وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ بڑی سڑک ہو یا چھوٹی گلیاں، ہر جگہ پانی ہی پانی ہو گیا

بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث کینال پر کیمپس اور جیل روڈ انڈر پاس ٹریفک کے لیئے بند ہوگئے۔ ایم ٹو اور تھری پر شدید بارش کے پیش نظر حد نظر متاثر ہوئی، موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی

بارش سے سمن آباد، لارنس روڈ، میسن روڈ، شادمان اور اسلام پورہ کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ کالج روڈ، ٹاون شپ، جوہر ٹاؤن میں بھلا چوک، جٹ چوک اور ای ون بلاک کی مختلف سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔ لاہور کینٹ اور صدر کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ڈیفنس لالک جان چوک میں بھی پانی جمع ہوا
لاہور کی مصروف ترین اور مرکزی شاہراہ مال روڈ پر گورنر ہاؤس کے سامنے سڑک کے دونوں اطراف پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ظہور الٰہی روڈ پر پانی جمع ہونے سے شہری پریشانی کا شکار ہوئے۔ قذافی اسٹیڈیم اور اطراف میں بھی بارشی پانی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ وحدت کالونی اور ملحقہ علاقوں، ایوان صنعت وتجارت پر بھی بارشی پانی جمع ہوا

اسلام پور میں بابا گراؤنڈ میں انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی تعمیر کے باعث منسلک سڑک پر بڑا شگاف پڑ گیا۔ شگاف میں بجلی کا کھمبا اور دو درخت گر گئے۔ ہائی کورٹ کے مرکزی دروازے کے باہر، سیشن عدالت، ماڈل ٹاؤن کچہری اور کینٹ کچہری میں بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جس سے سائلین کو تکلیف اٹھانا پڑی

لاہور میں بارش سے مختلف حادثات میں سے چار افراد جاں بحق، آٹھ زخمی ہوئے۔ بعض مقامات سے درختوں کے گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ بارش سے لیسکو کے ایک سو بیالیس سے زائد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی.

لاہور میں سب سے ذیادہ گارڈن ٹاون میں ایک سو بیاسی ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا کہ مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل تیرہ جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آنئد چوبیس گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید مون سون بارشیں متوقع ہیں۔




