بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی مستقبل کے حوالے سے نئی قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں، جن کا تعلق نہ صرف ان کی عمر بلکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی نظریاتی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی روایات سے بھی ہے۔
مودی رواں برس 17 ستمبر کو 75 سال کے ہو جائیں گے۔ آر ایس ایس کی اندرونی پالیسیوں کے مطابق، تنظیمی رہنماؤں کے لیے 75 سال کی عمر کے بعد عملی سیاست سے سبکدوش ہونے کی روایت موجود ہے، اگرچہ یہ کوئی باقاعدہ آئینی شرط نہیں ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، آر ایس ایس ماضی میں ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور یشونت سنہا جیسے سینئر رہنماؤں کو اسی اصول کے تحت عملی سیاست سے دور کر چکی ہے۔ اس تناظر میں مودی کی آئندہ مدت وزارتِ عظمیٰ پر سوالات اٹھنا غیر معمولی نہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں حالیہ برسوں میں بھارت کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا، جن میں مہنگائی، بے روزگاری، کسان احتجاج اور خارجہ پالیسی میں دباؤ شامل ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات، خصوصاً بعض سرحدی جھڑپوں اور بیانات کے تناظر میں، حکومت کو داخلی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کچھ مبصرین کا ماننا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اب قیادت کی تبدیلی کے امکانات پر غور کر رہی ہیں تاکہ پارٹی کا سیاسی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بی جے پی کو حالیہ انتخابات میں مکمل اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔
آر ایس ایس کے موجودہ سربراہ موہن بھاگوت کے حالیہ بیان کو بھی کئی حلقوں میں اس حوالے سے اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔ ناگ پور میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے دوران، بھاگوت نے کہا:
"اگر آپ کو پچھتر سال کا ہو جانے کے بعد چادر تحفے میں ملے تو آپ کو رک جانا چاہیے۔ آپ سمجھیں کہ آپ بوڑھے ہو گئے ہیں، اپنے عہدے سے اتریں اور دوسروں کو موقع دیں۔”
اگرچہ اس بیان میں نریندر مودی کا براہ راست ذکر نہیں کیا گیا، لیکن سیاسی تجزیہ کار اسے "علامتی پیغام” قرار دے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، بی جے پی کے اندرونی حلقوں میں آئندہ قیادت کے ممکنہ متبادل پر بات چیت جاری ہے، جن میں یوگی آدتیہ ناتھ، امت شاہ اور جئے شانکر جیسے ناموں کا تذکرہ ہو رہا ہے۔
فی الوقت، نریندر مودی نے خود ایسی کسی بھی تبدیلی کا عندیہ نہیں دیا، اور وہ سرکاری و سیاسی سرگرمیوں میں بدستور فعال ہیں۔ تاہم آنے والے چند ماہ بھارت کی سیاست میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں، خصوصاً آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات کے تناظر میں، جو 25 ستمبر کو متوقع ہیں۔
0 4 2 minutes read




