وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گورنر پنجاب کے کھلے خط پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا کہ گورنر کو کھلا خط لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے گورنر کی جانب سے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ معذرت کے ساتھ، ہر بار آپ کا آئینی رول یاد کروانا پڑتا ہے، لیکن آپ غلطی کرنے سے باز نہیں آتے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر چکی ہے اور تمام انتظامی معاملات حکومتی کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے گورنر کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کسی کو حقیقتاً جگانا چاہتے ہیں تو اپنی جماعت اور حکومت کو خط لکھیں، نہ کہ حکومت پنجاب کو۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کی ہدایات پر تمام متعلقہ ادارے متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف ہیں، اور مریم نواز نے سیلابی صورتحال کے اگلے ہی دن چکوال کا دورہ کیا اور متاثرہ افراد کی داد رسی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر صاحب کو نمائشی دورے اور فوٹو سیشنز سے بچنا چاہیے اور اپنے قیمتی مشورے اپنی جماعت کو دینا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے آخر میں کہا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے، اور گورنر صاحب کا کام صرف اپنے آئینی رول کو ادا کرنا ہے۔




