لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مثالی گاؤں منصوبہ میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر گاؤں کی ترقی کے لیے ترجیحات کا تعین کیا جائے گا، تاکہ حقیقی طور پر لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں مثالی گاؤں پراجیکٹ، ستھرا پنجاب اور ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مثالی گاؤں پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت دی۔
پنجاب کے 1200 دیہات میں مثالی گاؤں بنانے کے پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ہر گاؤں میں 24/7 پانی کی فراہمی، مکمل سیوریج نیٹ ورک، اور ویسٹ مینجمنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، گاؤں کی پختہ سڑکوں کی تعمیر، چلڈرن پارک کا قیام اور شجرکاری بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔
گاؤں کے گھروں پر نمبر لگائے جائیں گے اور سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے تاکہ لوگوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں سولر سسٹم سے چلنے والے واٹر سپلائی ماڈل اور سیوریج سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پائلٹ فیز کے طور پر 130 دیہات میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ہر گاؤں کو مکمل طور پر ڈویلپ کرنا ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو بہتر زندگی گزارنے کے مواقع ملیں۔




