پنجاب اسمبلی میدانِ جنگ بن گئی، حکومتی و اپوزیشن ارکان میں شدید ہاتھا پائی، اسپیکر کو اجلاس ملتوی کرنا پڑا
پنجاب اسمبلی کا ماحول اس وقت کشیدہ ہو گیا جب معمولی نوک جھونک اچانک شدید ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔ قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ارکان اسمبلی کے مابین بڑھتی کشیدگی کے باعث اجلاس صرف پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔
واقعہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب حکومتی رکن احسان ریاض اور اپوزیشن رکن خالد زبیر نثار کے درمیان نوک جھونک نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے کو طعنے دیے جانے لگے، جس کے بعد معاملہ تلخ کلامی سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب صوبائی وزیر زیشان رفیق بھی مداخلت کرتے ہوئے تنازع میں شامل ہو گئے، جس کے نتیجے میں اسمبلی کا ماحول مکمل طور پر بدنظمی کا شکار ہو گیا۔ قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے بارہا فریقین کو پرسکون رہنے کی ہدایت دی، لیکن ارکان کی جانب سے ان کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے جھگڑا جاری رکھا گیا۔
اسمبلی کے فلور پر حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تھپڑوں کی بارش دیکھنے میں آئی، جبکہ ایک دوسرے پر چڑھ دوڑنے کے مناظر نے اسمبلی اجلاس کو بدنظمی کا شکار کر دیا۔
قانون ساز ادارے میں پیش آنے والے اس ناخوشگوار واقعے نے سیاسی ماحول میں ایک بار پھر تناؤ کو بڑھا دیا ہے۔ اسپیکر آفس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی توقع کی جا رہی ہے۔




