لاہور: پنجاب حکومت نے امن عامہ کے تحفظ کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں اور دھرنے ممنوع ہوں گے۔ یہ پابندی 18 اکتوبر تک برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر اجتماع پر پابندی ہوگی۔ اس دوران ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، البتہ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم بھی ممنوع ہوگی۔ پابندی شادی بیاہ اور جنازہ کی تقریبات پر لاگو نہیں ہوگی، جبکہ سرکاری اہلکار اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات دہشت گردی اور امن عامہ کے خطرات کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ عوام کو دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے آگاہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جائے گی۔




