پاکستان
Trending

بیوروکریسی پرتگال میں جائیدادیں خرید رہی ہے، اب نام بھی لوں گا: خواجہ آصف

 

اسلام آباد :وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کے احتساب کا وقت آ گیا ہے اور وہ جلد ان بیوروکریٹس کے نام سامنے لائیں گے جو بیرون ملک، خصوصاً پرتگال میں جائیدادیں خرید رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں گزشتہ 78 سال کے دوران بیوروکریسی کا کوئی مؤثر احتساب نہیں ہوا۔ ’’کیا کسی نے کبھی یہ جاننے کی کوشش کی کہ ان افسران کے پاس کتنے پلاٹ ہیں؟‘‘

ان کا کہنا تھا، ’’میں نے تو صرف اتنا کہا تھا کہ بیوروکریٹس پرتگال میں جائیدادیں خرید رہے ہیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اتنا شور مچ جائے گا۔ اب جب رولا پڑ گیا ہے تو نام بھی لوں گا اور انکوائری بھی کر رہا ہوں۔ تصویریں بھی موجود ہیں۔‘‘

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بیوروکریسی کو وہی قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں جو منتخب نمائندوں پر عائد ہوتی ہیں۔

انہوں نے سیالکوٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں، اینٹی کرپشن تحقیقات کر رہا ہے، اگر افسر قصوروار ہوا تو سزا ملے گی، ورنہ جھوٹی شکایت کرنے والے کو جواب دینا ہوگا۔

خواجہ آصف نے اپنے استعفے کی خبروں کی بھی تردید کی اور بتایا کہ مری میں ہونے والی مشاورت ضمنی انتخابات کے حوالے سے تھی، جس کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ "نواز شریف میرے لیڈر اور رہنما ہیں، ساری زندگی ان کے ساتھ گزری ہے۔”
مریم نواز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "وہ پہلے میری بیٹی ہیں، پھر وزیراعلیٰ، میں ان کے لیے اسی طرح دعا کرتا ہوں جیسے اپنی بیٹی کے لیے۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button