اسلام آباد:چھوٹے دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس نظام آج سے نافذ کردیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے معاشی ٹیم کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں نئی ٹیکس اسکیم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کی آسانی کے لیے ٹیکس نظام کو سادہ بنایا گیا ہے۔ کوئی بھی طبقہ قومی دھارے میں شامل نہیں ہوگا تو ملک کا ٹیکس نظام مؤثر انداز میں نہیں چل سکتا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ ہر دکاندار کو پلیٹ کا سافٹ ورژن فراہم کیا جائے گا۔ جس دکان کے باہر یہ پلیٹ موجود ہوگی، ایف بی آر کی جانب سے وہاں پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ پلیٹ اس امر کی ضمانت ہوگی کہ ایف بی آر کا کوئی ملازم دکاندار کو بلاوجہ تنگ نہیں کرے گا۔
راشد محمود لنگڑیال کے مطابق چھوٹے تاجر طویل اور پیچیدہ فارم کی وجہ سے ٹیکس نظام میں شامل نہیں ہوتے تھے، تاہم اب فارم اور طریقہ کار کو آسان کردیا گیا ہے تاکہ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جاسکے۔




