پشاور :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ملک میں بڑھتے ہوئے پانی اور توانائی کے بحران کے پیش نظر کالا باغ ڈیم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت جذباتی یا سیاسی فیصلوں کا نہیں بلکہ قومی مفاد میں جرأت مندانہ اقدامات کا ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، زراعت کی زبوں حالی اور سیلابی تباہ کاریاں دراصل ان بنیادی فیصلوں سے گریز کا نتیجہ ہیں جو ہمیں برسوں پہلے کر لینے چاہیے تھے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کالا باغ ڈیم پر اگر کسی کو اعتراض ہے تو اسے دور کیا جائے، لیکن ڈیم ضرور بنایا جائے۔ ریاست کو بچانا ہے تو قربانیاں دینا ہوں گی، اور ملک کے لیے قربانیاں دینے کا وقت یہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کالا باغ ڈیم خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، بشرطیکہ معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے تکنیکی، ماحولیاتی اور قومی مفاد کے اصولوں پر دیکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرے گا بلکہ ملک میں آبی ذخائر بڑھا کر زراعت کو فروغ دے گا، جبکہ ہر سال آنے والی تباہ کن سیلابی صورتِ حال کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے وفاق اور تمام اکائیوں سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے کو دشمنی یا ضد کا معاملہ بنانے کے بجائے مشاورت، اتفاق رائے اور بردباری کے ساتھ حل کریں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہمیں ایک دوسرے کی بات سننی ہوگی، دلیل سے اختلاف ختم کرنا ہوگا اور ریاست کو سیاست سے بالا تر رکھنا ہوگا۔




