اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے بین الحکومتی گروپ جی 24 کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی عالمی اقتصادی حیثیت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی انتھک محنت، مؤثر سفارتکاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پاکستان کے مؤثر کردار کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جی 24 کی چیئرمین شپ ملک کو عالمی مالیاتی نظام میں اپنا کردار مزید مضبوط بنانے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی پاکستان کی جانب سے جی 24 کی صدارت سنبھالنے کا خیرمقدم کیا اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ جی 24 کی سربراہی پاکستان کے لیے عالمی اقتصادی امور میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی کا اہم موقع ہے۔ پاکستان اس پلیٹ فارم کو ترقی پذیر معیشتوں کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے استعمال کر سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ذمہ داری پاکستان کو عالمی مالیاتی تعاون کے فروغ اور ترقی پذیر ممالک کے مفادات کی مؤثر ترجمانی میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔




