اسلام آباد :نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور پاکستان کے معاشی اشارے مثبت سمت میں گامزن ہیں۔
پاکستان ایران بزنس فورم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ممالک مذہبی و ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں اور تجارتی شراکت داری تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہو چکا ہے اور تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت تمام معاہدوں کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران شنگھائی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم میں یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور تجارتی راہ ہموار کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ زراعت، صنعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں




