کولمبو: ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے دلچسپ میچ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ مقابلہ دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثناء نے قبل ازیں پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک میچ ہارنے سے کچھ نہیں ہوتا، ٹیم کا مکمل فوکس آئندہ میچز پر ہے۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ ماضی کی اچھی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میچ میں بھی وہ سپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ کھیلیں گی۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بنگلا دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ بھارت نے سری لنکا کو ہرا کر شاندار آغاز کیا تھا۔
تاہم کولمبو میں بارش کی پیش گوئی کی وجہ سے آج کا میچ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے میچ سے پہلے اور دوران وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ گزشتہ روز بھی بارش کے باعث سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ مکمل نہ ہو سکا تھا۔
دوسری جانب پاک بھارت میچ کے دوران غیر ضروری تنازعات سے بچنے کے لیے آئی سی سی نے میڈیا گائیڈ لائنز سخت کر دی ہیں۔ کپتان فاطمہ ثناء کی پریس کانفرنس کے دوران آئی سی سی کے میڈیا نمائندے نے صحافیوں کو سیاسی اور ہینڈ شیک سے متعلق سوالات کرنے سے روک دیا۔




