لاہور: ہر سال 5 اکتوبر کو دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ معاشرے میں استاد کے اہم اور کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔ استاد وہ شخصیت ہے جو بچوں کو تعلیم و تربیت دے کر انہیں معاشرے کا معتبر رکن بنانے میں مدد دیتی ہے۔
اساتذہ کا عالمی دن 1994ء سے منایا جا رہا ہے، جس موقع پر یونیسکو، یونیسف اور دیگر بین الاقوامی ادارے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہیں اور ان کے مسائل پر بھی غور کرتے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ان کے لیے سب سے بڑی خوشی طلبہ کی کامیابی ہے، جبکہ طلبہ تسلیم کرتے ہیں کہ اساتذہ نہ صرف کتابی علم دیتے ہیں بلکہ زندگی گزارنے کے طریقے بھی سکھاتے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ تدریس صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ ہے، اور پاکستان کے اساتذہ قوم سازی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرتے آئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ نسلوں کی تربیت اور ملک کی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اساتذہ کے لیے ایک دن مختص کرنا ان کی خدمات کا اعتراف ہے اور معاشرے کو چاہیے کہ اساتذہ کی عزت و احترام میں کوئی کمی نہ ہونے دے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اساتذہ کو ان کی محنت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد وہ مقدس ہستی ہے جو علم کے چراغ کو روشن کرتی ہے اور نسلوں کی فکری، اخلاقی اور سماجی تربیت کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد کی عزت کو ریاستی سطح پر مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے کیونکہ ہر کامیاب قوم کے پیچھے عظیم اساتذہ کی تربیت یافتہ نسل ہوتی ہے




