کیلیفورنیا : مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو ایک کنورزیشنل ایپ اسٹور میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب مختلف تھرڈ پارٹی ایپس کو براہِ راست چیٹ کے اندر استعمال کر سکیں گے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین بغیر کسی بیرونی لنک پر کلک کیے، چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے متعدد خدمات حاصل کر سکیں گے — مثلاً اسپاٹی فائی پر نئی پلے لسٹ بنانا یا بکنگ ڈاٹ کام کے ذریعے سفر یا ٹور کی بکنگ کرنا۔ اس طرح صارفین کے لیے مختلف ایپس کو ایک ہی پلیٹ فارم سے استعمال کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق، کمپنی نے ابتدائی طور پر بکنگ ڈاٹ کام، کینوا، ایکسپیڈیا، اور اسپاٹی فائی جیسی مشہور ایپس کو چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ منسلک کرنا شروع کر دیا ہے۔ صارفین اپنی ضرورت کے مطابق ان ایپس کو چیٹ میں شامل کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر اس وقت چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے، تاہم یورپی یونین میں اس کی دستیابی عارضی طور پر محدود رہے گی۔ اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید تھرڈ پارٹی پارٹنرز شامل کیے جائیں گے اور ڈویلپرز کو اپنی ایپس بنانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ البتہ فی الحال یہ واضح نہیں کہ ایپ ڈویلپرز اس فیچر سے کس طرح آمدن حاصل کریں گے۔
نئے نظام میں جب بھی کوئی صارف چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے کسی ایپ تک رسائی حاصل کرے گا، تو اے آئی اس سے پرمیشن طلب کرے گا اور واضح کرے گا کہ اس کے کون سے ڈیٹا پوائنٹس اس ایپ کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ بعض ایپس کے لیے صارفین کو اپنے متعلقہ اکاؤنٹس کنکٹ کرنا بھی ضروری ہوگا۔




