مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کے استحکام اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نرمی کے باعث حکومت کو قیمتیں کم کرنے کا موقع ملا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ 15 اکتوبر کو نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جو 16 اکتوبر کی رات 12 بجے سے نافذ ہوں گی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق:
-
پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے، ممکنہ نئی قیمت: 262 روپے 58 پیسے
-
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 97 پیسے کمی کا امکان، نئی قیمت: 275 روپے 84 پیسے
-
مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل میں 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان
سٹیٹ بینک اور انڈسٹری ذرائع کے مطابق، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، جبکہ امپورٹ پریمیم اور ایکس ریفائنری ریٹ میں بھی کمی آئی ہے، جس نے مجموعی طور پر قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس متوقع کمی سے ٹرانسپورٹیشن، لاجسٹکس اور دیگر شعبوں میں لاگت کم ہو گی، جس کا فائدہ براہِ راست عام صارفین کو پہنچ سکتا ہے۔ حکومت کی جانب سے حتمی اعلان کل متوقع ہے۔




