سوات: سوات اور شمالی پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہری گھبراہٹ میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، تاہم زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 47 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز سوات کے علاقے مینگورہ کے قریب پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے سوات کے ساتھ ساتھ ہنزہ اور گردونواح میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی اور متعدد افراد گھبرا کر کھلے میدانوں میں نکل آئے۔
انتظامیہ کے مطابق تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے اور علاقے میں ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق ہندوکش اور شمالی پاکستان زلزلوں کے حوالے سے انتہائی حساس خطے میں شمار ہوتے ہیں، جہاں زمین کی اندرونی پلیٹوں کی حرکت معمولی شدت کے زلزلوں کا باعث بنتی رہتی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ زلزلے کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔




