پاکستان
Trending

افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونا ناقابلِ برداشت ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

 

ایبٹ آباد:آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر حملہ کرنے والی ہر پراکسی کو مٹی میں ملا دے گا۔

پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے، اور آئندہ بھی ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ماضی میں الزام تراشی کی سیاست کی اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹے ثبوت گھڑے۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی تو پاکستان اُس کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا۔

 

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج جیسے گروپوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، لیکن پاکستان کی ایجنسیاں اور سکیورٹی فورسز ان سازشوں کو ناکام بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔

 

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے، اور فلسطین کے مسئلے کا حل دو ریاستی فارمولے کے تحت کیا جائے۔

 

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے جبکہ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدہ علاقائی استحکام کے لیے اہم سنگ میل ہے۔ امریکہ سے تعلقات کو بھی نئی جہت دی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ دشمن آج بھی پاکستان کے استحکام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، مگر پاکستانی قوم کا حوصلہ اور افواج کی تیاری اُسی طرح مضبوط ہے۔ نوجوان افسروں پر زور دیا گیا کہ وہ کردار، نظم و ضبط اور سچائی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button