اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات ہوئی ، جس میں ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کچھ حلقوں کی جانب سے مدارس اور مساجد کی بندش کے حوالے سے کی جانے والی غلط پروپیگنڈا کا بھی تذکرہ کیا اور واضح کیا کہ کسی بھی مسجد یا مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہمیشہ امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے اور اس میں تشدد یا شرانگیزی کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں علمائے کرام کا کردار بہت اہم ہے، اور اس وقت ملک کو ایک مثبت اور تعمیری کردار کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہر فرد کو احتجاج کا حق حاصل ہے، لیکن پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
اس موقع پر چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے وزیر داخلہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سنی تحریک مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔




