پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی یومِ سیاہ کشمیر پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت

لاہور / اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر بھارتی غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے اور دونوں کو کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔ مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے بعد کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب شروع ہوا، اور اس دن کی سیاہی آج بھارتی قیادت کے چہرے پر نمایاں ہو رہی ہے۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ "پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا، جس کے بعد بھارتی قیادت وزیرِ اعظم شہباز شریف کا سامنا کرنے سے قاصر ہے۔ امریکی صدر کا وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو عظیم قرار دینا بھارت کے لیے ایک اور شکست ہے۔”

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے رشتہ کو توڑنا ممکن نہیں، اور پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ "لاکھوں کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا، اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔” انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے جس کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے مظالم کی شدید مذمت کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کشمیری شہداء، حریت رہنماؤں اور اسیران کو خراجِ تحسین پیش کیا جو بھارتی ظلم و ستم کے سامنے سر نہیں جھکائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، اور اس کے بعد سے مقبوضہ کشمیر ظلم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کا گڑھ بن چکا ہے۔ "بھارتی افواج نے کشمیر کو پیلٹ گنز، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور خواتین کی تذلیل سے عذاب بنا دیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بار بار بھارت کے مظالم پر آواز اٹھا چکی ہیں، مگر افسوس کہ دنیا ابھی تک خاموش ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر عالمی خاموشی بے حسی کی عکاسی کرتی ہے، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کر کے بھارت نے نہ صرف عالمی قانون بلکہ انسانیت کی حرمت کو بھی مجروح کیا ہے۔ محسن نقوی نے قائداعظم محمد علی جناح کا قول دہراتے ہوئے کہا، "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے”، اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

انہوں نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا، اور کشمیر بنے گا پاکستان۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button