پاکستان

پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کی ہٹ دھرمی کو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے 78 سال مکمل ہونے پر بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو سری نگر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا، اور تب سے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی رائے شماری میں ہے، تاہم بھارت مسلسل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے یکطرفہ اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔ بھارت نے کشمیری عوام کے حقوق کو پامال کرتے ہوئے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں کی ہیں۔ اس کے علاوہ، کشمیری قیادت کی گرفتاری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا، لیکن کشمیری عوام نے بھارتی جبر کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، اور بھارت کی جارحیت کے باوجود ان کا عزم قائم ہے۔

اسحاق ڈار نے بھارت کی ہٹ دھرمی کو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی تکالیف کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی آبادیاتی ساخت میں تبدیلیاں جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے قیام میں رکاوٹ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button