کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے گروپ چیٹس کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین گروپ میں ہر فرد کو بیک وقت ٹیگ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔
نئے فیچر کا مقصد گروپ چیٹس میں @all کا استعمال کر کے تمام اراکین کو ایک ہی وقت میں نوٹیفیکیشن بھیجنا ہے۔ اس سے گروپ کے تمام ممبرز کو اہم پیغامات پہنچانا مزید آسان ہو جائے گا، خاص طور پر بڑے گروپوں میں جہاں ہر فرد کا نام انفرادی طور پر مینشن کرنا وقت طلب اور پیچیدہ ہو سکتا ہے۔
اس فیچر کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ یہ صرف گروپ ایڈمنز تک محدود نہیں ہوگا، بلکہ گروپ کے تمام اراکین @all کا استعمال کر کے پیغامات بھیجنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سے گروپ چیٹس کی فعالیت میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ خصوصاً بڑی کمیونٹی گروپوں اور ورک گروپ چیٹس کے لیے بہت مفید ثابت ہو گا۔
واٹس ایپ نے اس فیچر کے ساتھ ایک اور دلچسپ آپشن بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین @all کے ذریعے آنے والے نوٹیفکیشنز کو میوٹ کر سکیں گے، تاکہ اگر کسی نے گروپ کو میوٹ کر رکھا ہو تو بھی وہ @all کے ذریعے آنے والی اہم اطلاعات سے آگاہ ہو سکے۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے، اور اس کی عمومی دستیابی کی تاریخ ابھی تک واضح نہیں ہے، تاہم امکان ہے کہ یہ فیچر جلد ہی تمام صارفین کے لیے متعارف کروایا جائے گا۔




