راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آج جنرل ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایچ جے سے الوداعی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے جنرل ساحر شمشاد کی قیادت، پیشہ ورانہ مہارت اور پاک افواج کے لیے طویل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ساحر کی قیادت میں تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی مضبوط ہوئی، مشترکہ آپریشنل تیاریوں میں اضافہ ہوا اور قومی سلامتی کے اسٹریٹجک اہداف مؤثر انداز میں آگے بڑھے۔
فیلڈ مارشل نے خطے میں استحکام، عسکری سفارت کاری اور دوست ممالک کے ساتھ دفاعی روابط کو مضبوط بنانے میں جنرل ساحر کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور پاک فوج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔




