پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے سندھ سے متعلق بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے شرمناک، اشتعال انگیز اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ طاہرحسین اندرابی نے اپنی میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارت ایسے بیانات کے ذریعے دنیا کی توجہ اپنے اندرونی انتشار اور مسائل سے نہیں ہٹا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا میں افغان شہری کی فائرنگ کے واقعے کی بھی شدید مذمت کرتا ہے، اور اس افسوس ناک واقعے کو دہشت گردی کا واضح عمل سمجھتا ہے۔ پاکستان نے متاثرہ خاندانوں، امریکی عوام اور حکومت سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کر رہا ہے، جب کہ پاکستان میں ہونے والی کئی دہشت گردانہ کارروائیوں کے روابط افغانستان سے ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں ہونے والا واقعہ ایک بار پھر سرحد پار دہشت گردی کے سنگین خطرات کو سامنے لاتا ہے۔




