اسلام آباد پریس کلب کے باہر غزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر جاری مظالم کے خلاف احتجاج کیا، جبکہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے نیشنل پریس کلب کے باہر غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر جاری ظلم کے خلاف احتجاج میں شریک جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد سمیت مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر سے ہیومن رائٹس ایکٹیویسٹ طاہرہ عبداللہ سمیت دیگر خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مظاہرین کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 29 ستمبر کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مبینہ طور پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے غزہ مارچ کے دوران جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد اور ان کی اہلیہ سمیت درجن بھر افراد کو پریس کلب کے باہر سے گرفتار کرلیا تھا۔
پولیس نے سابق سینیٹر مشتاق اور ان کی اہلیہ سمیت 10 سے زائد مظاہرین کو پریس کلب کے باہر سے گرفتار کیا تھا، جبکہ بعد میں بچوں اور خواتین سمیت مزید درجن بھر افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔




