اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دسمبر 2025 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی تاریخی ٹیکس وصولی کو سراہا اور ہدایت کی کہ ٹیکس کلیکشن میں مزید اضافہ کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر کی کامیابی حکومت کی مالیاتی اصلاحات، بہتر نفاذ اور ڈیجیٹل اصلاحات کا نتیجہ ہے۔
وزیر خزانہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ایف بی آر فیلڈ فارمیشنز سے خطاب میں بتایا کہ دسمبر میں ٹیکس وصولی 1,427.1 ارب روپے رہی، جو ماہانہ ہدف کا 99 فیصد اور دسمبر میں اب تک کی سب سے زیادہ وصولی ہے۔ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکس وصولی میں 59 فیصد اضافہ ہوا، جس میں انکم ٹیکس کی وصولی 107 فیصد، سیلز ٹیکس 25 فیصد، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 6 فیصد اور کسٹمز ڈیوٹی 15 فیصد بڑھی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیم اپنی محنت اور مؤثر نفاذ کے ذریعے قومی ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ہدایت دی کہ ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع اور وصولیوں کو مزید بڑھایا جائے۔




