پاکستان اور چین نے ساتویں سٹریٹجک ڈائیلاگ میں تعلقات کی مضبوطی، سی پیک ٹو کے منصوبوں پر عمل درآمد اور جنوبی ایشیا میں پرامن حلِ تنازعات پر اتفاق کیا۔ مذاکرات کے بعد وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے 3 سے 5 جنوری 2026 تک چین کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ سیاسی، دفاعی، اقتصادی، ثقافتی اور سلامتی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ چین نے پاکستان کی معاشی بحالی اور "اُڑان پاکستان” منصوبے کی تعریف کی، جبکہ پاکستان نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں اور صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہا۔
دونوں ممالک نے مسئلہ کشمیر، سرحد پار آبی وسائل، افغانستان اور فلسطین میں تعاون جاری رکھنے اور عالمی قانونی اصولوں کے احترام پر اپنے عزم کا اعادہ کیا۔




