پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت موٹروے ایم-3 جڑانوالہ سے درخانہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم جبکہ ایم-5 ملتان سے ظاہر پیر اور ملتان سے سکھر تک بند کر دی گئی ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ ترجمان کے مطابق دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور رفتار مناسب رکھیں۔
دوسری جانب شدید سردی کی لہر بدستور جاری ہے۔ سرد اور خشک ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ پنجاب کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




