تہران : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادلوں کے درمیان ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک غیر متوقع اور مصالحانہ بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی اعلیٰ ترین عبوری لیڈرشپ کونسل نے پڑوسی ممالک پر کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی یا میزائل حملے نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ایرانی صدر نے اپنی گفتگو میں چند اہم نکات واضح کیے ۔ صدر نے واضح کیا کہ جب تک پڑوسی ممالک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، ایران کسی پر ہاتھ نہیں اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا، "ہماری پڑوسیوں سے کوئی دشمنی نہیں، ہم حالیہ کشیدگی پر ان سے معذرت خواہ ہیں۔
تہران خطے میں امن کے قیام کے لیے مکمل طور پر سنجیدہ ہے اور کسی بھی بڑی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔مسعود پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام دیتے ہوئے کہا تنازع ختم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں ان قوتوں کو کرنی چاہئیں جنہوں نے اس بحران کی بنیاد رکھی۔ ایران امن پسند ضرور ہے لیکن ملک کی خود مختاری اور قومی وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔




