پاکستان
Trending

انگور اڈہ زلول خیل سیکٹر میں افغان فورسز کی اشتعال انگیزی، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، دشمن کی متعدد پوسٹیں تباہ

 

راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ اور دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سرحد پار سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، جسے سرحد پر تعینات پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ اس ناکامی کے بعد، افغان طالبان نے بوکھلاہٹ میں آ کر پاکستانی سول آبادی کو نشانہ بنایا۔
افغان فورسز کی جانب سے زلول خیل سیکٹر میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین شہری شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج نے دفاعِ وطن کے حق کے تحت دشمن کی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ پاک فوج کے نشانہ بازوں نے دشمن کی پوزیشنز کو ہدف بنایا، جس کے نتیجے میں سرحد پار متعدد افغان چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں اپنی پوزیشنیں مزید مضبوط کر لی ہیں اور کسی بھی مزید مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔
انگور اڈہ اور گردونواح کے مکینوں نے افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اہل علاقہ نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف آہنی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button