چانگشا : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے دورہ چین کے دوران سندھ حکومت اور ممتاز چینی اداروں کے درمیان تعاون کے تین بڑے معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کا بنیادی مقصد کراچی میں پانی کے دیرینہ بحران کا خاتمہ اور زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ہے۔
چین کے شہر چانگشا میں منعقدہ تقریب میں کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ محکمہ بلدیات سندھ اور چینی گروپ ‘لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی’ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس کے تحت کراچی میں سمندری پانی کو میٹھا بنانے (Desalination) کے جدید پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کراچی کو پینے کے پانی کی فراہمی کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے گا۔
زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھی ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات سندھ اور چینی کمپنی ‘لانگ پن ہائی ٹیک انفارمیشن’ کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کا سمجھوتہ طے پایا ہے۔ ان تمام معاہدوں پر پاکستان کی جانب سے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے دستخط کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ "چین پاکستان کا بااعتماد معاشی شراکت دار ہے۔ ان منصوبوں سے سندھ بالخصوص کراچی میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے پاکستان اپنے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھال سکتا ہے۔




