نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش عالمی امن اور معیشت کے لیے ایک ٹائم بم ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان نے بحران کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان فعال ثالثی کا کردار ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چین اور سعودی عرب سمیت اہم ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے عالمی برادری کو مطلع کیا کہ آبنائے ہرمز جیسی تزویراتی گزرگاہ کی بندش محض علاقائی مسئلہ نہیں رہا۔ ان کاکہنا تھا کہ اہم گزرگاہ بند ہونے سے تیل کی قیمتوں میں اضافے اور خوراک کی ترسیل رکنے سے ترقی پذیر ممالک کی معیشتیں تباہ ہو سکتی ہیں۔عالمی سپلائی چین میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں براہِ راست عالمی امن کو متاثر کر رہی ہیں۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ اس بحران میں خاموش تماشائی نہیں رہے گا۔ پاکستان کا پختہ یقین ہے کہ طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں، صرف مذاکرات ہی استحکام لا سکتے ہیں۔پاکستان نے اس حساس معاملے پر چین، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ مسلسل مشاورت شروع کر دی ہے تاکہ امریکہ اور ایران کو ایک میز پر لایا جا سکے




