اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور انسدادِ منشیات کے شعبے میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سیکرٹری سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جو باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرے گا۔
اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی سمگلنگ اور اس کے استعمال کی روک تھام کے لیے تعاون سے متعلق ایک اہم معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک معلومات کے تبادلے، مشترکہ حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خطے میں امن اور سیکیورٹی کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، جبکہ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
سفارتی حلقوں کے مطابق حالیہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری اور تعاون کے نئے امکانات کی عکاس ہے۔




