بین الاقوامی
Trending

وینزویلا میں دو بڑے زلزلوں سے تباہی، امدادی کارروائیاں جاری، ہزاروں جانوں کو خطرہ

 

کاراکاس: وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے شدید تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں اور کئی علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق 7.5 شدت کا دوسرا زلزلہ محض 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس کے باعث جھٹکوں کی شدت میں اضافہ ہوا اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ زلزلے کے جھٹکے ملک کے مختلف حصوں میں محسوس کیے گئے جس کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر کھلے مقامات کی جانب نکل آئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے۔ ادارے کے مطابق جانی اور مالی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے، جبکہ امدادی ادارے متاثرین کو فوری مدد کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button