کراچی :کیمبرج انٹرنیشنل نے پاکستان میں اے لیول ریاضی (میتھ) کے پرچے کے حوالے سے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 15 مئی کو ہونے والا امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کراچی میں میتھ پیپر 32 کے امتحان سے قبل ہی لیک ہونے کی تصدیق کے بعد کیا گیا ہے۔
کیمبرج حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ میتھ پیپر 32 زون تھری اور فور میں امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی مختلف ذرائع سے شیئر کر دیا گیا تھا۔ اس سنگین بدعنوانی کا نوٹس لیتے ہوئے کیمبرج نے شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے فوری طور پر ملک بھر میں اس پرچے کی منسوخی کا حکم جاری کیا۔
کیمبرج انٹرنیشنل نے اس واقعے کو ایک "غیر معمولی اور مجرمانہ عمل” قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں امتحانی نظام کی ساکھ کو محفوظ بنایا جا سکے۔
دوبارہ امتحان: تمام متاثرہ طلبہ کے لیے میتھ کا پرچہ دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان 22 مئی تک متوقع ہے۔ اس اچانک تبدیلی کے باوجود کیمبرج کا کہنا ہے کہ نتائج کے اعلان کی تاریخ متاثر نہیں ہوگی اور اے لیول کے نتائج 11 اگست کو ہی جاری کیے جائیں گے۔
اس فیصلے کے بعد طلبہ اور والدین میں تشویش پائی جاتی ہے، تاہم کیمبرج حکام نے یقین دلایا ہے کہ وہ محنتی طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔




