اسلام آباد : پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور دھماکے دار اضافہ ہوا ہے۔ مقامی طور پر تیار کردہ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل ‘فتح-4’ کا تربیتی فائر سو فیصد کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے، جس نے ملک کے دفاع کو مزید فولادی بنا دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ تربیتی فائر مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی استعداد کو بلندیوں پر پہنچانے کے لیے کیا گیا۔ ‘فتح-4’ میزائل جدید ترین ایویونکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل نظام سے لیس ہے، جو اسے طویل فاصلے تک دشمن کے دفاعی ریڈارز کو چکمہ دیتے ہوئے اپنے ہدف کو انتہائی درستگی اور بے رحمی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت دیتا ہے۔
کامیاب فائر کے دوران میزائل کے تمام ذیلی نظاموں (Sub-systems) نے مقررہ پیرامیٹرز کے مطابق کام کیا، جس سے اس کے اعلیٰ تکنیکی معیار کی مکمل توثیق ہو گئی ہے۔ اس تاریخی لمحے کے شاہد سینئر فوجی افسران، نامور سائنسدان اور انجینئرز بنے، جنہوں نے فائرنگ کنٹرول روم سے اس کا لائیو مشاہدہ کیا۔
ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ صدر، وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ نے ‘فتح-4’ کے کامیاب فائر کو ملکی خود انحصاری کی عظیم مثال قرار دیا۔ فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل پروگرام کی پوری ٹیم کو دل کھول کر مبارکباد دی۔حکام کی جانب سے ‘فتح سیریز’ کے ماہرین کی تکنیکی مہارت اور انتھک عزم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جو دن رات ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں مصروف ہیں۔




