استنبول: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی، تیل و گیس، کان کنی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول اور پرکشش مواقع فراہم کر رہی ہے۔
پاکستان۔ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں تیل اور گیس کی طلب مقامی پیداوار سے کہیں زیادہ ہے، جس کے باعث اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے ساتھ توانائی کی ضروریات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے اس شعبے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے 178 فعال لائسنسز جاری کیے جا چکے ہیں، جو توانائی کے شعبے میں جاری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے ترک کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں تیل و گیس، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنا کر باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔




