اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے برطانوی اخبار دی گارڈین کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی عالمی سطح پر بنائی گئی مصنوعی ساکھ اب سوالات کی زد میں آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ اعزازات کا اجراء دورے سے چند روز قبل کیا جانا واضح طور پر امیج مینجمنٹ کی کوشش ہے، جبکہ سرٹیفکیٹس میں املا کی غلطیاں اس عمل کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتی ہیں۔ وفاقی وزیر کے مطابق ایک ہی شخصیت کو پہلا اور واحد اعزاز دینا بھی کئی شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ان اعزازات کو عالمی سطح پر اپنی پذیرائی کے طور پر پیش کرتی ہے، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی نفرت انگیز پالیسیوں اور عالمی تشہیر کے دعووں میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بیرون ملک اعزازات حاصل کر رہے ہیں جبکہ اندرون ملک عوام مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مصنوعی وقار کی سیاست اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے۔




