پاکستان
Trending

شہرِ اقتدار کا خاندانی نظام بحران کا شکار؛ ہر گھنٹے میں خلع اور نان نفقہ کے 30 سے زائد کیسز درج

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں خلع اور طلاق کی شرح میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث اسلام آباد کی فیملی کورٹس پر مقدمات کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق، روزانہ کی بنیاد پر 300 سے زائد فیملی کیسز فائل ہو رہے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ عدالتی اوقات کے ہر ایک گھنٹے میں اوسطاً 30 سے زائد خلع اور نان نفقہ کے مقدمات دائر کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ رواں سال اب تک 45 ہزار سے زائد کیسز دائر ہو چکے ہیں، جبکہ ہر ماہ 9 ہزار سے زائد نئے مقدمات کا اندراج ہو رہا ہے۔ ماضی کے اعدد و شمار کے مطابق، سال 2023 میں 85 ہزار اور 2024 میں 91 ہزار فیملی کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 1 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔

کیسز کے باریک بینی سے جائزے کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ خلع اور نان نفقہ کے زیادہ تر کیسز پسند کی شادی کرنے والے فریقین کی جانب سے دائر ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد میں جہاں روزانہ 30 سے زائد کورٹ میرجز ہو رہی ہیں، وہیں گزشتہ 4 سالوں میں 38 کیسز ایسے بھی دیکھے گئے جہاں شادی کے محض ایک سے تین ماہ بعد ہی خلع لے لی گئی۔ وکلا اور ماہرینِ معاشرت کے مطابق، نوجوان نسل میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال اور بے روزگاری خاندانی نظام کی اس تباہی کی بنیادی وجوہات ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button