راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ایک اور بیرونی سازش کو ناکام بناتے ہوئے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی مکمل طور پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے میں چھپے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں سرحد پار بیٹھے اپنے بھارتی آقاوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے 6 دہشت گرد مارے گئے۔ یہ مسمار کیے گئے ٹھکانے علاقے میں بدامنی اور سکیورٹی اداروں پر حملوں کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔
کارروائی کے بعد سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، ہینڈ گرینیڈز، بارودی مواد اور ایک گاڑی قبضے میں لے لی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے پنجگور میں سکیورٹی فورسز کی اس بڑی کامیابی پر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘فتنہ الہندوستان’ کے زیرِ اثر کام کرنے والے تمام گروہوں کو چُن چُن کر نشانہ بنایا جائے گا۔ پاکستان کے دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس دھرتی کو دشمن کے آلہ کاروں سے پاک کر کے ہی دم لیا جائے گا۔




