مظفرآباد :سکیورٹی اور انٹیلیجنس اداروں نے آزاد کشمیر میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ایک بڑی بیرونی سازش کو ناکام بناتے ہوئے مظفرآباد کے علاقے چہلہ میں ایک کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن مکمل کیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن پختہ اور مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک خطراناک نیٹ ورک کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 7 خودکار ہتھیار، متعدد گرنیڈ اور دیگر جنگی سامان برآمد ہوا ہے جو کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا۔ سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، اسمارٹ فونز اور دیگر جدید مواصلاتی آلات بھی برآمد کر کے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔
ڈیجیٹل آلات کی ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران حساس نوعیت کا مواد اور مشکوک کڑیاں ملی ہیں، جن سے دشمن ملک کی خفیہ ایجنسی کے ساتھ مبینہ رابطوں کے واضح شواہد حاصل ہوئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق، برآمد ہونے والا حساس مواد اور دشمن ایجنسی کے روابط اب باقاعدہ تفتیش کا حصہ ہیں۔ ملزمان سے تفتیش کی روشنی میں مظفرآباد اور گردونواح میں ان کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔




